بھٹکل 27؍دسمبر (ایس او نیوز)دنیا بھر کے سیاحوں کی کشش کا مرکز بنے ہوئے مرڈیشور سمندری ساحل پر کچرے کا ڈھیر جمع ہونے اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے کی وجہ سے یہاں کی مقامی خواتین نے سخت برہمی کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ سمندر کے کنارے لگے ہوئے کچرے کے ڈھیر میں پلاسٹک تھیلیاں، بوتلیں اور چیزیں شامل ہیں۔ اس ڈھیر کو ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام گزشتہ دو تین مہینوں سے نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ساحلی کنارے پر واقع دکانوں کا کچرا بھی قریبی کمپاؤنڈ س میں پھینک دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ہر طرف کچرا ہی کچرا نظر آرہا ہے۔اس سلسلے میں شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔پنچایت انتظامیہ کومیمورنڈم دیا گیا ہے۔ لیکن افسران اس طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ماحولیاتی آلودگی ایک بڑا سبب یہ بھی ہے کہ یہاں پر موجود قیام گاہوں اور لاڈجنگ کا گندا پانی سیدھے سمندر میں چھوڑا جارہا ہے۔صرف نام کے لئے یہاں سوچّتا آندولن چلایا گیا مگر عملاً صفائی مہم کا کوئی اثر نہیں ہو ا ہے۔
مظاہرین مطالبہ کیا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں مناسب کارروائی کی جائے۔بصورت دیگر مزید احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مظاہرین میں ونیتا ہری کانت، مادیوی ہری کانت،کلا ہری کانت، ارچنا ہری کانت اور دیگر خواتین شامل تھیں۔